کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ شرقی کی جانب سے شاہ فیصل کالونی میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے

کراچی : کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور بلدیہ شرقی کراچی کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے شاہ فیصل کالونی میں 22اسپرے وہیکل کی مدد سے شاہ فیصل زون کی 7 یونین کونسل میں انسداد ڈینگی اور ملیریا مہم کے سلسلے میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون کے مرکزی آفس میں علاقائی سماجی رہنمائوں اور شاہ فیصل زون کے افسران کے ہمراہ جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے قیام کا قیام یقینی بنا کر ہی عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا یا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے صاف ستھرا اور سرسبز ماحول عوامی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لیکر آئے گی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہاکہ پولیو ،ڈینگی ،ملیریا اور ڈائریاسمیت مہلک امراض سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے ذریعے عوامی شعور کو اجاگر کیا جائے کیو نکہ مہلک امراض سے بچائو صرف احتیاط کے ذریعے ممکن بنا یا جاسکتا ہے اس موقع پر انہوں نے بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون کے متعلقہ علاقائی ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مزید کہا کہ صرف جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے ذریعے اس کے موثر نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے انہوں نے کہاکہ ڈینگی اور ملیریا سے انسانی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے اس سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوامی آگاہی کو یقینی بنا یا جائے اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے دوران متعلقہ اسٹاف سے تعائون کریں اور علاقائی سطح پر صاف ستھرا اور صحت مند معاشرے کے قیام کو یقینی بنا ئیں۔