کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا۔
یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح ساڑھے 9 بجے نشتر پارک میں منعقد ہوگی جس سے علامہ عباس کمیلی خطاب کریں گے۔ مجلس عزا کے بعد نشتر پارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا۔ جلوس کی قیادت بوتراب اسکواڈ کرے گا ۔
دوسری جانب عاشورہ کے جلوس کی سکیورٹی کے پیش نظر شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے ۔
وزیر داخلہ سندھ کے مطابق موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس رات 10 بجے تک معطل رہے گی۔
مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے 6 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ جلوس کی گزرگاہوں کے اطراف کی عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات ہوں گے۔
مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سکیورٹی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ جلوس سے قبل گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیر کرایا جائے گا۔