کراچی (جیوڈیسک) بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 24 گھنٹے کے دوران مومن آباد تھانے کے قریب سے ملنے والے دوسرے بم کو ناکارہ بناکر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مومن آباد تھانے کے قریب مشتبہ گھی کا کنستر موجود ہونے کی اطلاع پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ کنستر کے معائنے پر معلوم ہوا کہ اس میں ایک بم موجود ہے جسے دہشتگرد ریموٹ کنٹرول کی مدد سے کسی بھی وقت اڑاسکتے ہیں۔
بم کو ناکارہ بنانے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا کہ بم میں 2کلو گرام سے زائد بارودی مواد کے علاوہ بال بیئرنگ اور نٹ بولٹ بھی رکھے گئے تھے تاکہ دھماکے کے نتیجے میں زیادہ سے زایدہ جانی اور مالی نقصان ہوسکے۔ اس بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے جوڑا گیا تھا اور اسے کسی بھی وقت اڑایا جاسکتا تھا۔
ایس ایس پی کراچی شرقی کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کا ہدف تھانہ اور اس میں موجود پولیس اہلکار تھے مومن آباد کے اطراف کی آبادی میں بڑی تعداد میں دہشتگرد موجود ہیں جو اس سے قبل بھی تھانے پر حملہ کرچکے ہیں۔