کراچی: مومن آباد تھانے کے قریب دو دستی بم حملے، چار افراد زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے مومن آباد تھانے کے قریب دو بم حملوں میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ پہلا دستی بم حملہ کیا گیا۔ دوسرا دھماکا پلانٹڈ تھا۔ ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ رنچھوڑ لائن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

اورنگی ٹاؤن کراچی میں مومن آباد تھانے کے قریب ایک دستی بم حملہ کیا گیا جس کے کچھ منٹوں کے بعد دوسرا دھماکا ہوا۔ دھماکوں میں چار افراد زخمی ہو گئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

عینی شاہدین اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کے مطابق دھماکے کے بعد افراتفری پھیل گئی۔ دھماکے سے مومن آباد تھانے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں نفیس، یوسف، حسین اور سراج الدین شامل ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اورنگی میں دوسرا دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا۔

دوسرے دھماکے میں دو سے ڈھائی کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جبکہ دھماکے میں نٹ بولٹ اور بال بیرنگ بھی استعمال کئے گئے۔ دوسری طرف رنچھوڑ لائن میں رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے منیر احمد نامی شہری جاں بحق ہو گیا۔ نارتھ کراچی انڈہ موڑ میں ایک گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔