کراچی میں کئی ماہ سے گاڑیوں کے ٹیکس کے ٹوکن جاری نہیں ہوئے

Token

Token

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کئی ماہ سے گاڑیوں کے ٹیکس کے ٹوکن جاری نہیں ہوئے۔ کراچی میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے موٹر وہیکل رجسٹریشن ونگ کی لاپرواہی کہیں یا فنڈز کی کمی کہ ٹیکس جمع کرانے والے صارفین کو ٹوکن نہ ملنے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے کئی ماہ سے گاڑیوں کا ٹیکس ادا کرنے والے صارفین کو ٹوکن کی بجائے صرف کمپوٹرائز رسید جاری کی جا رہی ہے۔

ٹوکن نہ ملنے کی وجہ سے دوران سفر ٹریفک پولیس اور ایکسائز پولیس کی جانب سے صارفین کودشواری کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس افسران کے مطابق جن افراد نے گاڑیوں کا ٹیکس ادا کیا ہوا ہے لیکن ان کے پاس ٹوکن نہیں تو وہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کمپوٹرائز رسید دکھا سکتے ہیں۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے ٹوکن پرنٹ نہیں ہو سکے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جلد از جلد انہیں ٹوکن جاری کرے تاکہ وہ اسے اپنی گاڑی پر آویزاں کرکے ممکنہ پریشانیوں سے بچ سکیں۔