کراچی (جیوڈیسک) کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں صبح سویرے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ سیالکوٹ اور گردو نواح میں رات گئے ہونے والی بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ لاہور میں کالے بادلوں نے ڈیرے جما لئے۔
کہیں برستی بارش ،تو کہیں گہرے بادل اور سر سراتی ٹھنڈی ہواں نے موسم خوشگوار کر رکھا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں برسنے والی ہلکی بارش نے صبح کا سماں دلکش بنا دیا۔ بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے موسم اور بھی خوشگوار کر دیا۔
لاہور میں بھی گہرے بادلوں نے آسمان کو ڈھانپ رکھا ہے اور ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا بارش کا پیغام دے رہی ہے۔ سیالکوٹ شہر اور گردو نواح میں رات گئے ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کو پانی پانی کر دیا۔ میرپور آزاد کشمیر شہر اور گر دو نواح میں میں بھی بادل ایسے جم کے برسے کہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
محکمہ موسمیات کیمطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب ، خیبر پختونخوا، کشمیر، قلات، ہزارہ اور میر پور خاص ڈویژن میں چند ایک مقامت پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں سمیت بالائی علاقوں میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کوٹلی میں ایک سو دس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔