کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار کئے جانے والے ایم کیو ایم اور اے این پی کے بیشتر کارکنان کو رہا کردیا گیا۔ ایم کیوایم کے ترجمان کے مطابق ایم کیوایم کے تین کارکنان کو سرکاری حراست سے رہا کردیا گیا ہے۔ دو یونٹ انچارج اور ایک جوائنٹ رکن رہا ہونے والوں میں شامل ہیں۔
گزشتہ روز پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے تینوں کارکنان کو لانڈھی سے گرفتار کیا تھا۔ ایم کیوایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے بیشتر کارکنان تاحال سرکاری حراست میں ہیں۔ اے این پی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اے این پی کے اسی کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
جن میں تہتر کو رہا کر دیا گیا۔ سات کارکنان تاحال حراست میں ہیں۔ کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی جماعتوں کے کئی عہدیداروں اور کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔