سندھ (جیوڈیسک) ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کی جانب سے مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز مسترد کر دی ہے، فاروق ستار کا کہنا ہے انتخابات کے التوا سے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچے گی۔
حکومت سندھ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کی درخواست دی گئی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا لیکن سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ جنوری میں بلدیاتی انتخابات کا انقعاد ناممکن ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی تیاری کے لیے 90 روز کا وقت دیا جاتا ہے تو بلدیاتی انتخابات کے لئے وقت کیوں نہیں دیا جا رہا۔ دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعت ایم کیو ایم نے بھی بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کی حکومتی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات 18 جنوری کو ہی ہونے چاہئیں۔ اگر اس میں التوا ہوا تو اس تاثر کو تقویت ملے گی کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کرانا ہی نہیں چاہتی۔