کراچی: ایم کیو ایم نے ماس ٹرانزٹ منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی حمایت کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ منصوبے کی راہ کی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان میں حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ کراچی جیسے میگا سٹی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبے پنجاب میں میٹروبس کے بعد اور اوریج میٹروٹرین چلانے پر کام کا آغاز بھی ہو گیا مگر ایک سازش کے تحت کراچی کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے سرد مہری اور عدم دلچسپی سے یہ عظیم الشان منصوبہ ختم ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جیکا کمپنی کی جانب سے واضح کہا گیا ہے کہ 8 کلو میٹر رقبہ گزشتہ 5 سال سے خالی نہیں ہو سکا اور اسی بناء پر کمپنی ڈھائی کھرب روپے پھنسا نہیں سکتی۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ منصوبے پر فوری کام کا آغاز کیا جائے اور ملک کے ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے کراچی پر خصوصی توجہ دی جائے۔