کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف تمام سازشیں اور پروپیگنڈا ناکام ہوگیا، مہاجرری پبلکن آرمی کا شوشہ چھوڑا گیا، ایم کیوایم کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، نیٹوکنٹینرز غائب ہونے کی ذمے داری بھی بابرغوری پر تھوپ دی گئی، جس کو امریکی سفارتخانے نے من گھڑت قرار دیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں شوشہ چھوڑا گیا، کچھ عناصر کا کام ہمیشہ سے ایم کیو ایم کے خلاف زہر اگلنا ہے، ایم کیو ایم کے خلاف تمام سازشیں اور پروپیگنڈا ناکام ہوگیا۔ اس سے قبل ماضی میں ایم کیوایم پر جناح پورکا غلط الزام لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، ملک کو یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، ہمیں نفاق کی سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے، کراچی میں اسلحہ مختلف چیک پوسٹوں سے گزر کر پہنچتا ہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری نے کہا کہ الزام لگایا گیا کہ ایم کیوایم کراچی میں امریکی اسلحہ بانٹ رہی ہے، تمام انٹیلی جنس ایجنسیز پورٹ پر ہوتی ہیں، کنٹینرز غائب کرنا ممکن نہیں، ڈی جی رینجرز نے نیٹو کنٹینرز بیان کی تردید کر دی اور عدالت میں لکھ کردے رہے ہیں، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ایم کیو ایم پر الزام غلط ثابت ہوا۔