کراچی (جیوڈیسک) کریم آباد میں حلقہ این اے 246 کی انتخابی مہم کے دوران تحریک انصاف اور ایم کیوایم کے کارکن آپس میں الجھ پڑے جب کہ اس دوران پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کردیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
کراچی کے علاقے کریم آباد میں حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تحریک انصاف کی انتخابی مہم جاری تھی کہ اس دوران ایم کیوایم اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کرنے لگے جب کہ اس موقع پر کچھ مشتعل افراد نے تحریک انصاف کا الیکشن کیمپ اکھاڑ دیا اور کیمپ پر انڈوں کی بارش کردی، مشتعل افراد نے تحریک انصاف کا جھنڈا بھی نذر آتش کردیا۔
کریم آباد میں صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کردیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے دکانداروں اور راہ گیروں سمیت متعدد افراد کو بھی حراست میں لے کر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جس میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتعل افراد کو منتشر کردیا جب کہ تحریک انصاف کے کیمپ کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
کریم آباد میں کشیدگی کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی اور پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل بھی موقع پر پہنچ گئے، حیدر عباس رضوی نے کارکنان کو پر امن رہنے کی ہدایت کی جب کہ عمران اسماعیل نے انتخابی کیمپوں کے پاس رینجرز کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ ماحول کو پُرامن رکھنے کے لیے بھرپور کرداراداکریں اور این اے246 کےعوام انتخابی مہم کےدوران صبر وتحمل اوربرداشت سے کام لیں۔