کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، عید کی خوشیوں میں مالی امداد کے ذریعے غریبوں کو شریک کرنا ہر مسلمان کا اخلاقی فریضہ ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عید کی خوشی کے موقع پر عوام کیلئے بچت بازاروں کا نظام بہتر بنائیں، ماہ مبارک میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروںسے زخم خوردہ عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے وفاقی وصوبائی حکومتیں عیدبچت بازاروں کانظام بہتربنائیں، بچت بازاروں میں مہنگی اورناقص اشیاء کی فروخت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبارک پورے عالم کے انسانوں کی باہم محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔
عید کا تہوار مسلمانوں میں خوشیاں تقسیم کرنے کا نام ہے اس لیے عید سے قبل غریب غرباء کا خیال رکھا جائے معاشرے میں وہ غریب لوگ جن کا کمانے والا کوئی نہیں ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے ان کی امداد کی جائے یہی رمضان المبارک اور عید کا تقاضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر عوام کور یلیف دی جاتی ہے مگر بدقسمتی وطن عزیز کی حکومتیں ماہ مقدس میںعوام کوریلیف دینے کے بجائے مزید مہنگائی کرتی ہیں ،انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے تمام کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
سحروافطارمیں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات ہوا میں تحلیل ہوگئے اورشہرقائدکے عوام کی اکثریت ان اوقات میں بجلی سے محروم رکھی گئی،اس کے ساتھ ساتھ حکومتیں ذخیرہ اندوزوں اورناجائزمنافع خوروں کے ہاتھوں یرغمال نظرآئیں،اپنی ناکامیون کی تلافی کرنے کاحکومتوں کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ عیدکے موقع پرعوام کوریلیف دینے کے لیے بچت بازاروں کے نظام کوبہتربنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں،انھوں نے کہاکہ عیدبچت بازاروںمیں سستی چیزیں مہنگی فروخت کی جارہی ہیں،ناقص چیزوں کواعلیٰ چیزوںچیزوں کے داموں بیچاجارہاہے،مفتی محمدنعیم نے تجویزپیش کی کہ کمشنرکی نگرانی میں چیک اینڈبیلنس کانظام بہترکرکے ان شکایات کاازالہ کیا جا سکتا ہے۔