کراچی: محرم سیکورٹی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو 2 نئے آلات فراہم

Bomb Disposal Squad

Bomb Disposal Squad

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں محرم الحرام کی جلوسوں کی سیکیورٹی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو نئے اور جدید آلات سے فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ کراچی میں رواں سال بم ڈسپوزل اسکواڈ کو محرم الحرام کی سیکورٹی کے لئے پہلی مرتبہ دو نئے جدید آلات فیڈومشین اور جینسن ٹول کٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔

فیڈو مشین تین بیٹریز پر چلنے والا ایسا آلہ ہے جو دھماکہ خیز مواد کو باآسانی ڈیٹکٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ جینسن ٹول کٹ بم ڈیٹیکٹ ہونے کے بعد اپنا کام شروع کرتی ہے اور اس کی مدد سے کسی بھی قسم کے دھماکہ خیزمواد یا تین سے چار کلو وزنی بم کو باآسانی محفوظ مقام تک منتقل کیا جا سکتا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے پاس موجود دیگر آلات میں مائن ڈیٹیکٹر، پریڈر، میٹل ڈیٹیکٹراور بم کا ناکارہ بنانے کے دوران پہنا جانے والا حفاظتی ای او ڈی سوٹ شامل ہے۔ محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی سیکورٹی میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رواں سال شہر کے تین زونز میں بارہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے چار ٹیمیں نشتر پارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوسوں کی سیکورٹی میں خدمات سرانجام دینے پر مامور ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار جلوس برآمد ہونے سے قبل ایم اے جناح روڈ سمیت جلوس کے روایتی راستوں پر موجود فٹ پاتھ، درختوں، جھاڑیوں اور دکانوں سمیت دیگر مقامات کی سوئیپنگ پر مامور ہیں جبکہ دو ٹیمیں جلوس کے ساتھ تعینات کی گئی ہیں۔