کراچی (جیوڈیسک) کراچی سے ملتان پہنچنے والی 15سال کی علیشاہ کو اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔ کراچی کے علاقے منظور کالونی کی رہائشی 15 سالہ علیشاہ گزشتہ روز کراچی سے ملتان پہنچی تھی۔
بس اسٹینڈ سے ملنے والی علیشاہ کو پولیس نے دارالامان منتقل کردیا۔ علیشاہ نے دارالامان انتظامیہ کو بتایا کہ وہ گھرسےسودا لینےباہرنکلی تھی، کسی نے اس کے منہ پرکپڑا رکھ دیا اور وہ بے ہوش ہوگئی جب ہوش آیا تو وہ ملتان میں تھی۔
اطلاع ملنے پر کراچی میں علیشاہ کے والدین اپنی بیٹی کو لینے ملتان پہنچ گئے۔ جہاں دارالامان کی انتظامیہ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ذریعے لڑکی کی والدین سے ملاقات کرائی،لیکن یہاں بیٹی اوروالد کےبیانات میں تضاد تھا۔
بیٹی کہتی ہے اسے اغوا کیا گیا تھا جبکہ والد کا کہنا تھا وہ ناراض ہوکر گھر سے چلی گئی تھی۔ بیٹی موبائل مانگتی تھی نہیں دیا، توناراض ہوگئی، اس کا ذہنی توازن درست نہیں جس کی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھالیا۔
چیئرمین چائلڈ پروٹکشن بیورو حمزہ لودھی نے علیشاہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اسے والدین کے حوالے کردیا۔