کراچی : بلدیہ کورنگی کے چیئر مین سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج کی ہدایت پر ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں محرم الحرام کے دوران عزادران حسین کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات جاری ہیں صفائی وستھرائی اور روشنی اور علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات کی بہتری کے بعد امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے راستوں پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور روڈ کارپیٹنگ کے کام کا بھی ہنگامی بنیادوں پر آغاز کردیا گیا۔
بلدیہ کورنگی کے چیئر مین سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ عزادارن حسین کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں علاقائی سطح پر درپیش مسائل کو برق رفتاری کے ساتھ حل کرنے کے لئے ضلع کورنگی کے چاروں زونز میں شکایتی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو ،XENایم اینڈ ای نثار احمد سومرو اور دیگر افسران کے ہمراہ ملیر زون کے علاقے ملیر کالا بورڈ اور سعود آباد کے مختلف امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیہ کورنگی کی جانب سے سڑکوں کی کارپیٹنگ کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ،چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے دورہ کے موقع پر امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی ترقی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور منتظمین کو یقینی دلاتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام کے دوران عزداروں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیہ کورنگی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے بعد ازاں منتظمین کے ہمراہ چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے عشرہ محرم الحرام کے دوران ملیر زون میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر جاری ترقیاتی کاموں اور تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے انتظامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔