کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کے تحت ضلع کورنگی کی حدود میں آوارہ کتوں کی حوالے سے عوامی شکایات پر کتا مار مہم کے دوران ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون میں 400 سے زائد آوارہ کتوں کا خاتمہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بلدیہ کورنگی کے تحت آوارہ کتوں کی مہم چلائی گئی جس میں بڑی تعداد میں علاقائی سطح پر ادویات کے ذریعے آوارہ کتوں کا خاتمہ کردیا گیا ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاہے کہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اس حوالے سے عوامی شکایات پر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کا عندیہ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن علاقائی سطح پر خصوصاً عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنا نے کی ہدایت کی ،آوارہ کتوں کے خلاف مہم کو سراہتے ہوئے ہر ہفتے علاقائی سطح پر آوارہ کتوں کے خاتمے کے حوالے سے مہم چلانے اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔