کراچی: چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کا ضلع میں سرسبز ماحول کے قیام لئے یوسی سطح پر نرسریوں (گرین ہاوسز) کے قیام کا اعلان، محکمہ پارکس کو ہنگامی بنیادوں پر تمام نرسریوں کو فعال اور پھولوں اور پودوں کی آبیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرے صحت مند ماحول کے ساتھ سرسبز ماحول کو بھی عوامی تعاون کے ذریعے فروغ دیا جائیگا ان خیالات کا اظہار چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام لانڈھی زون میں نرسریوں کا اچانک دورہ کر کے نرسریوں میں پودوں کی آبیاری کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر فنانس آفیسر بلدیہ کورنگی وکاش لعل اور محکمہ باغات بلدیہ کورنگی کے افسران بھی موجود تھے۔
چیئر مین نیئر رضا نے محکمہ باغات بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت کی کہ نرسریوں کو فعال بنا یا جائے پھولوں اور پودوں کی آبیاری کرکے علاقائی سطح پر عوامی تعاون کے ذریعے سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے سرسبز ماحول کی افادیت سے عوامی شعور کو بیدار کیا جائے اس حوالے سے خصوصی مہم یوسی سطح پر چلائی جائے اور اس میں یونین کمیٹیز کے چیئر مین،وائس چیئر مین اور وارڈ کونسلرز کا بھی تعاون اور مشاورت کیا جائے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ قدرتی ماحول کو محفوظ بنا نے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرسبز ماحول کو فروغ دیا جائے محکمہ پارکس کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی کی حدود میں درختوں کو کاٹنے اور پودوں کو نقصان پہنچا نے کے عمل کی روک تھام کی جائے اور ایسے عمل کے مرتکب افراد و ادارے کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔