کراچی : ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت ضلع کورنگی کی حدود میں سیوریج کے کھلے مین ہولز کو ڈھکنے اور ٹوٹے مین ہولز کو مرمت کرکے اس پر رنگز لگانے کے حوالے سے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کا کہنا ہے کہ بلدیہ کورنگی ضلع کے ہر علاقے میں عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے کوشاں ہے اپنے وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی اور بلدیاتی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے استعمال میں لارہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن اور تمام محکماجاتی سربراہان کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کا تفصیلی دورہ کرکے سیوریج مین ہولز کی تعمیر و مرمت اور بلدیہ کورنگی کے تحت سیوریج مین ہولز پر ڈھکنے اور رنگز لگا نے کے کام اور علاقائی سطح پر بلدیہ کورنگی کے تحت بلدیاتی مسائل کے حل کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کوہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کرکے سیوریج مسائل کے حوالے سے درپیش مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلا ئیںضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاکہ علاقائی ترقی اور مسائل سے پاک ماحول کے قیام کے لئے کوشاں ہیں اس حوالے سے تمام تر وسائل اور محکمانہ کاوشیں بروئے کار لارہے ہیں اس موقع پر علاقہ مکینوں نے علاقائی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ شکایات پر کوئیک رسپانس نے عوام کے دل جیت لئے ہیںاور اُمید کرتے ہیں کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے برق رفتاری کے ساتھ انتظامات کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔سیوریج سسٹم کے حوالے سے عوامی شکایات پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاکہ سیوریج مسائل بلدیاتی انتظامات میں تعطل کا سبب ہے انہوں نے عوام کو یقینی دلا یا کہ باہمی تعاون اور ٹیم ورک کے ساتھ بلا تعطل اور بلاتفریق عوام کو سہولیات پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ سیوریج سے متعلق مسائل حل کرنا ضلعی بلدیات کی ذمہ داری نہیں مگر اس کے باوجود بلدیہ کورنگی اپنے ضلع میں عوام کو کھلے و ٹوٹے ہوئے سیوریج مین ہولز کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات کررہی ہے مسرور احمد میمن نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے ساتھ سیوریج مین ہولز کو ڈھکنے اور مین ہولز پر رنگز کی تنصیب کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر انجام دیں۔