کراچی : بلدیہ کورنگی کا برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے اور نالوں کی صفائی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرا سرسبز اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو اپنی کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ نکاسی آب کے نظام اور دوران برسات عوام کو مشکلات سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے قبل ازوقت انتظامات کیلئے ضلع کورنگی کی حدود میں قائم تمام چھوٹے اور بڑے برساتی نالوں پر قائم تجاوزات اور تعمیرات ختم کرکے نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے حوالے سے انتظامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ اور دیگر افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں صفائی وستھرائی اور برساتی نالوں کی مینول صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے نالوں کی صفائی کے حوالے سے انتظامات کو تیز کرنے اور علاقائی سطح پر نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون سے سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ ہمارا مقصد عوام کو بنیادی علاقائی مسائل سے چھٹکارہ دلا نا ہے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ برساتی نالوں کی افادیت کو قائم و دائم رکھیں برساتی نالوں پر تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات ،سیوریج لائن اور کچرا ڈالنے سے اجتناب کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے دوران برسات برساتی پانی کی نکاسی کو باآسانی یقینی بنا نے کے ساتھ صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جاسکے۔