کراچی: دوہرے قتل کے واقعات میں اضافہ دس افراد لقمہ اجل بن گئے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) میں دوہرے قتل کے واقعات میں اضافہ۔ فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں باپ بیٹے اور سگے بھائیوں سمیت دس افراد لقمہ اجل بنے، نارتھ کراچی میں فائرنگ کے واقعات کیخلاف مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو نذر آتش کر دیا۔

پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا عزیز آباد میں کراچی اکیڈمی کے قریب سے ایک شخص کی بوری بند لاش ملی۔ ملیر کھوکھر اپار پانچ نمبر میں فائرنگ سے ناصر نامی شخص جاں بحق ہوا۔ لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

منگھو پیر سے آصف خان کی لاش ملی جسکے جسم کو درندہ صفت قاتلوں نے تشدد کے دوران جھلسا دیا اور پھر گولیاں مار کرقتل کر دیا۔ اورنگی ٹاون میں بھی مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے انجم علی کو اسکے جوان سال بیٹے عاصم علی کے ہمراہ موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اہل خانہ کے مطابق مقتول انجم علی کے بھائی کو بھی کچھ عرصے قبل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ گارڈن کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سگے بھائیوں گلفراز اور عقیل زر کو زندگی سے محروم کر دیا مقتولین شو مارکیٹ کے علاقے میں دو مختلف میں عمارتوں سیکورٹی گارڈ کے فرائض انجام دیتے تھے۔

نارتھ فائیو سی فور بابا موڑ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے ۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ مشتعل مظاہرین نے خواجہ اجمیر نگری پولیس چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔

احتجاج کے باعث بابا موڑ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کھلے عام اسلحہ بردار لوگ شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں مگر پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔ ادھر یوپی موڑ اور سرجانی فورکے چورنگی کے قریب فائرنگ سے دوا فراد زخمی ہوئے۔