کراچی: مشرف کالونی میں پولیس کی کارروائی، 3 مبینہ دہشتگرد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون میں پولیس نے کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاون کے علاقے مشرف کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

مقابلے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان کے مقامی امیر سمیت تین ملزمان ہلاک ہو گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان میں ملزم امان اللہ طالبان کا قائد آباد میں امیر تھا اور شیر محمد طالبان کا اتحاد ٹاون میں امیر تھا جبکہ مرزا علی قائد کالعدم تحریک طالبان کا مقامی خزانچی تھا۔

ملزمان کے قبضے سے کلاشن کوف، دو ایل ایم جی، تین ٹی ٹی پستول اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا ہے۔