کراچی (جیوڈیسک) کراچی، مظفر گڑھ اور ٹھٹھہ میں ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے سولہ افراد سمیت 27 زخمی ہو گئے۔
کراچی میں سپر ہائی وے پر کاٹھور کے قریب تیز رفتار کار بےقابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار سوار حاجی سلطان، اس کا بیٹا محمد سلیم اور بہنوئی رسول بخش موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے جبکہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
نیو کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی منی بس بھی تیز رفتاری کے باعث گھارو کے قریب مِنی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 16 افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں گِرڈ چوک کے قریب کار اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے میں گاڑی میں سوار 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ جاں بحق اور زخمی کار سواروں کا تعلق راجن پور سے تھا، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ادھر مظفرگڑھ کی ہی تحصیل کوٹ ادو میں موٹر سائیکل اور رکشے کے درمیان ٹکر سے 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔