کراچی(جیوڈیسک) کراچی کے حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنز پرآج دوبارہ پولنگ ہورہی ہے۔ 86ہزار ووٹر آج ووٹ کے ذریعے فیصلہ دیں گے۔متحدہ، پیپلزپارٹی اور وحدت المسلمین نے پولنگ کا بائیکاٹ کردیا۔الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ این اے 250 میں دوبارہ پولنگ کیلیے عملہ اورانتخابی سامان پہنچادیا گیا، پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس، رینجرز اور فوج تعینات ہوگی۔
جبکہ پولنگ صبح 8بجے شروع ہوکر شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹنگ کے لیے سفید بیلٹ پیپر قومی اور سبز بیلٹ پیپر صوبائی اسمبلی کے ارکان کو ووٹ دینے کیلیے استعمال کیے جائیں گے۔ پورے حلقے کے بجائے این اے 250 کے مخصوص اسٹیشنز پر پولنگ کے فیصلے کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ ، پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین نے پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
اس حلقے کی صوبائی نشستوں پی ایس 112 اور پی ایس 113 کے لیے بھی انہیں پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹ کاسٹ کیے جائیں گے۔جبکہ جماعت اسلامی سمیت پانچ جماعتوں نے 11 مئی کو کراچی میں ہونے والی دھاندلی اور انتخابی بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرکے کراچی میں الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا۔