کراچی(جیوڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے بعد پیپلز پارٹی ،مجلس وحدت المسلمین اور تحریک صوبہ ہزارہ نے بھی این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشن پر ری پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بات سننے کے لئے تیار نہیں اس لئے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی پی ایس 112 اور پی ایس 113 سے بھی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح جمہوری نظام کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔ الیکشن کمیشن کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔ مجلس وحدت المسلمین نیبھی این اے دو سوپچاس کے تینتالیس پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ گیارہ مئی کو کراچی کے کئی حلقوں میں دھاندلی ہوئی۔ این اے دو سو پچاس کے تینتالیس پولنگ اسٹیشنز کیبجائے تمام اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کے امیدواروں کو دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے پیپلز پارٹی کو دھاندلی کے ذریعے باہر کیا گیا۔