کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں نادرا ملازمین نے برطرفیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے،انھیں فوری بحال کیا جائے،ورنہ ملک بھر میں کام بند کر دیا جائے گا۔
نادرا انتظامیہ کی جانب سے 85ملازمین کو جبری برطرف کرنے پر وہ سراپا احتجاج ہیں۔ ہیڈ آفس پر نادرا ایمپلائیز یونین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کو فوری بحال کیا جائے اور سیاسی بھریتوں کو روکا جائے۔برطرف ملازمین کی چار سال قبل بے نظیرانکم سپورٹ پروجیکٹ پر تقرریاں کی گئی تھیں۔
یونین رہنماوں کا کہنا تھا کہ جن ملازمین نے ادارے کے لیے انتھک محنت کی انھیں برطرف کرنا سرا سر ناانصافی ہے،انکا پر امن احتجاج ملک گیر بھی بن سکتا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی سے امید تھی کی انھیں مستقل کر دیا جائے گا لیکن برطرفیوں کے فیصلے بتا رہے ہیں کہ حکومت کتنی مزدور دوست ہے۔