کراچی (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 پر ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری ابتدائی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل سب سے آگے ہیں۔
این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں 213 میں سے 10 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس کے تحت غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل 3 ہزار359 ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں، جماعت اسلامی کے راشد نسیم 859 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور تحریک انصاف کے عمران اسماعیل 663 ووت لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا،حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 57 ہزار 781 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 186 جب کہ ایک لاکھ 61 ہزار 594 خواتین ووٹرز ہیں، حلقے میں 213 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جب کہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امید واروں سمیت 12 امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا۔
ووٹنگ کے لیے کسی بھی شخص کو شناختی کارڈ کے بغیر پولنگ اسٹیشنز کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی، بعض پولنگ اسٹیشنر پر امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس نہ پہنچنے پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوا جب کہ فیڈرل کیپیٹل ایریا میں پولنگ اسٹیشن نمبر 172 اور 173 کو ختم کردیا گیا،جس پر پولنگ اسٹیشنز کے ہابر ووٹرز نے احتجاج کیا۔
این اے 246 میں تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی گئی جس کے لیے ڈپٹی کمشنر وسطی کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا۔
ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے جب کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر رینجرز کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل تھے۔ رینجرز اہلکاروں نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پولنگ عملے کے 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد کو جعلی ووٹ ڈلوانے کے الزام میں گرفتار کرلیا، جنہیں موقع پر ہی 3 سے 6 ماہ قید اور 5،5 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 246 پر ایم کیو ایم کے امیدوار نبیل گبول ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے تاہم مارچ میں ان کے استعفیٰ کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔