کراچی (جیوڈیسک) نیشنل ہائی وے سسی ٹول پلازہ سے بس ٹکرا گئی ، کراچی سے ٹھٹہ جانے والے مسافر بس کے حادثے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ پچیس زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کراچی کے نیشنل ہائی وے پر بس حادثہ کا شکار ہو کر سسی ٹول پلازہ کے قریب الٹ گئی ، حادثے میں چھ مسافر جان سے گئے جبکہ پچیس زخمی ہوگئے ۔ حادثے کے بعد لاشیں سڑک پر پڑی رہیں ، زخمی فٹ پاتھ پر تڑپتے رضا کاروں کا انتظار کرتے رہے ۔ امدادی ٹیمیں شہر سے دوڑیں اور لاشوں و زخمی ہونے والوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ مسافر بس کراچی سے ٹھٹہ جا رہی تھی۔
بس سسی ٹول پلازہ پہنچی تو ڈرائیور نے آگے کھڑے آئل ٹینکر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی ، اسی دوران بریک فیل ہوئے اور بس ٹول پلازہ کے پلر سے ٹکرا کر الٹ گئی ۔ حادثے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی ، پولیس نے بس کی خستہ حالی کو حادثے کا سبب قرار دیا۔
ڈرائیورز کی غفلت اور بسوں کی بری حالت کے باعث ہائی ویز پر حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں مگر حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔