کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب واقع مسجد عثمان کا شیڈ گر گیا جس کے نتیجے میں6 نمازی شہید جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازی نفل نماز ادا کر رہے تھے کہ اچانک ہوا کے جھونکے سے شیڈ نمازیوں پر گر گیا۔
واقع کے بعد مسجد سے ملبہ اٹھا لیا گیا اور مسجد کو نمازیوں کے لیے ایک بار پھر کھول دیا گیا ہے۔ نارتھ ناظم آباد میں مسجد عثمان کا شیڈ گرنے کی اطلاع پر بحریہ ٹاون کے حکام اور کارکنان بھی جائے حادثہ پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بحریہ ٹاون کے ریٹائرڈ میجر زاہد کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیاں مکمل ہونے کے بعد مسجد کی بحالی کے لئے بھی بحریہ ٹاون کی جانب سے بھرپور مدد کی جائے گی۔