کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرمنلز نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 5 بچوں کے باپ کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں موٹر سائیکل سوار 2 اسٹریٹ کرمنلز نے کار سوار شہری کو اسلحہ دکھا کر روکا اور لوٹ مار کی، مزاحمت پر ملزمان نے شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جب کہ فرار ہوتے وقت بھی ملزمان نے فائرنگ کی جس سے 2 راہ گیر گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شہریوں کی مدد سے ایک ملزم کامران کو گرفتار کرلیا جب کہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے کار سوار شہری رحیم بخش کو اسپتال منتقل کیا جہاں دورانِ علاج وہ دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ مقتول رحیم بخش اسپیئر پارٹس اور کنسٹرکشن کا کام کرتا تھا، مقتول 5 بچوں کا باپ تھا اور 2 شادیاں کی ہوئی تھی، واردات کے وقت رحیم بخش شادی کی تقریب سے واپس اپنے گھر جا رہا تھا۔