کراچی (جیوڈیسک) شہر میں امن کے قیام اور سیکیورٹی اقدامات کے لیے پولیس حکام ازسر نو سیکیورٹی منصوبہ تیار کریں،شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان ، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر قابو پانے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
یہ بات ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے مرکزی پولیس دفتر میں اجلاس کی صدارت کے دوران ڈی آئی جیز زونل و ایس ایس پیز کو ہدایت دیتے ہوئے کہی انھوں نے کہا کہ شہر میں گشت اور تحفظ کے لیے 2 سے کم پولیس اہلکاروں کو ہرگز ذمے داریاں نہ دی جائیں۔
تمام تھانیدار سیکیورٹی پکٹس پر اہلکاروں کی بذات خود تعیناتی کریں تمام ایس ڈی پی اوز ، ڈویژنل ایس پیز اور ایس ایس پیز تمام متعلقہ چیک پوسٹوں کا باقاعدہ دورہ کریں گے۔
سماجی دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی نگرانی سخت کی جائے،شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ کو موثر کیا جائے، ڈکیتی ، رہزنی ، بھتہ خوری ، قتل ، اغوا برائے تاوان کے جرائم میں مفرور اور اشتہاری قرار دیے جانے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی اختیاراتی ٹیم (اسپیشل ٹاسک ٹیم) بنائی جائے، ٹیمیں زونل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کے تحت قائم کی جائیں گی محکمانہ فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے۔