کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سال نو کی آمد پر فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں 2افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔
منچلے نوجوان رات بھر موٹر سائیکلوں کے سائیلنسر نکال کر سڑکوں پر مٹرگشت اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے نظر آئے، آتشبازی بھی کی گئی۔ ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے،
جناح اسپتال میں 3، سول اسپتال میں 2 افراد لائے گئے جبکہ 4 افراد کو عباسی شہید اسپتال اور دیگر کو نجی کلینکس میں پہنچایا گیا۔ پولیس نے ساحل سمندر جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے تھے لیکن پھر بھی کئی شہری ساحل تک پہنچ گئے۔ علاوہ ازیں لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں میرمحمد بلوچ روڈپر گھر کے باہر بیٹھا 50 سالہ جاویدعرف بروکر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔