کراچی میں اگلے ہفتے سے بجلی کا شدید بحران پیدا ہونے کا خدشہ

Electricity

Electricity

کراچی (جیوڈیسک) این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کے درمیان نئے معاہدے کے لئے کے الیکٹرک انتظامیہ اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تاہم اس ملاقات میں نئے معاہدے پر کوئی فیصلہ نہیں طے پا سکا۔

ملاقات کا اگلا دور اسی ہفتے متوقع ہے۔ کے الیکٹرک زرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کو ملنے والی 650 میگا واٹ کے نیشنل گرڈ میں شامل کرنے سے صرف 3 سے 4 فیصد بجلی کا اضافہ ہوگا اور ملک میں صرف 15 منٹ تک کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی جبکہ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی رکنے سے ملک کے سب سے بڑے شہر اور صنعتی حب کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

شہر کے رہائشی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا سکتا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ صنعتی علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا آغاز ہونے سے صنعتی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ کراچی میں موسم سرما میں بجلی کی طلب تقریبا دو ہزار میگا واٹ جبکہ موسم گرما میں بجلی کی طلب بڑھ کر تین ہزار میگا واٹ تک جا پہنچتی ہے۔

کے الیکٹرک کی موجودہ پیداواری صلاحیت تقریبا 17 سو میگا واٹ ہے جس سے شہر کی ضرورت پوری کرنا ممکن نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں کراچی کو نیشنل گرڈ سے 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے۔