کراچی (جیوڈیسک) حساس ادارے کی نشاندہی پر کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے اتحاد ٹائون سے القاعدہ اور لشکر جھنگوی کے گیارہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
دہشت گرد کراچی میں سرکاری عمارت پر ایئر پورٹ طرز کے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دس امپروائز ایکسپلوزو ڈیوائس ، پانچ راکٹ لانچر ، دس دستی بم ، بیس ڈیٹونیٹر، دو پارسل بم ، جہادی لٹریچر ، ایک بارودی مواد سے تیار رکشہ ، کلاشنکوفیں اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
گرفتار دہشت گرد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ چار سدہ میں دہشت گرد حملے کے بعد جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ سمیت دیگر مقامات پر سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
سندھ رینجرز کی جانب سے جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ کو دہشت گردی کے خطرات سے محفوظ بنانے کیلئے طارق بن ضیاد کالونی سمیت دیگر آبادیوں میں کئی گھنٹے تک سرچ آپریشن کیا گیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران دس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کر لیا۔