کراچی (جیوڈیسک) کراچی کا علاقہ پرانا گولیمار منشیات فروشوں کے دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں میدان جنگ بن گیا۔ دو طرفہ فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔ سر چ آپریشن کے دوران 50 سے زائد افرادکو حراست میں لے لیا گیا۔
پاک کالونی تھانے کا علاقہ پرانا گولیمارمنشیات فروشوں کے دو گروہوں کے درمیان ہونے والے فائرنگ سے گونج اٹھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ 4 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 3افراد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے ۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت وسیم ،معراج، محمد شاہد، انور حسین اور محمد فہیم کے نام سے ہوئی ہے۔
تصادم کے بعد پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا۔ پولیس نے منشیات کے عادی افراد کی بیٹھک آگ لگا کر تباہ کر دیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 50 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم اب صورتحال معمول کے مطابق ہے۔