کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکا، بچے سمیت 2 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس افسر شفیق تنولی کی گاڑی میں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ دھماکے میں ایک بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ 8 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے فورا بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیوں کا آغاز کیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے شفیق تنولی کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شفیق تنولی پر حملہ آئی ای ڈی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سی آئی ڈی پولیس کی مختلف ٹیمیں جائے واردات پر پہنچیں اور شواہد اکھٹا کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے بھی جائے واردات کا معائنہ کیا۔

دوسری جانب بم ڈسپوزل ذرائع کے مطابق دھماکے میں 4 کلو گرام سے زائد بارودی مواد اور بال بیئرنگ استعمال کئے گئے جبکہ حتمی رپورٹ مرتب کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لئے مختلف نمونوں کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی۔