’کراچی میں اومی کرون جنگل میں آگ کی طرح پھیل رہا، کورونا کی پانچویں لہر کا آغاز ہو چکا‘

Omicron

Omicron

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا کی پانچویں لہر کا آغاز کراچی سے ہو چکا ہے۔

وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کا اومی کرون ویرئینٹ جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہا ہے۔

حکام کے مطابق کراچی میں اومی کرون ویرینٹ سےکورونا مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد ہو چکی ہے جبکہ کراچی میں ویکسی نیشن کی شرح محض 40 فیصد ہے جس سے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

ماہرین صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کے بعد اگلا نمبر لاہور کا ہے جہاں اومی کرون کی وجہ سےکیسزبڑھیں گے جبکہ اسلام آباد میں بھی اومی کرون کی کمیونٹی ٹرانسمیشن شروع ہو چکی ہے۔

ڈاکٹر فیصل محمود کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کراچی میں کیسز روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، کورونا کیسز بڑھنے سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بھی بڑھے گی۔

ان کا کہنا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کم خطرناک ہے۔

یاد رہے کہ سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر اسد عمر بھی پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں۔