پشاور (جیوڈیسک) کراچی میں ایک گھر سے ملنے والی باجوڑ کی 20 بچیوں کو پشاور پہنچادیا گیا ہے۔ جہاں چیف سیکرٹری، آئی جی کے پی کے اور اعلی حکام نے بچیوں کا استقبال کیا۔ کراچی سے نجی پرواز کے ذریعے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ سالازئی باجوڑ فیاض شیرپاؤ بھی بچیوں کے ہمراہ باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچے۔
ہوئی اڈے پر چیف سیکرٹری خیبرپختون خوا، آئی جی کے پی کے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اعظم خان اور ڈائریکٹر انفارمیشن فاٹا فیاض شاہ سمیت اعلی حکام نے بچیوں کا استقبال کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا کا کہنا تھا واقعہ کی تفتیش تو کراچی میں ہو گی۔
تاہم اس سلسلے میں کراچی پولیس کو باجوڑ سے جو مدد درکار ہو گی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر انفارمیشن فاٹا نے بچیوں کو تحائف بھی دیئے جس کے بعد بچیوں کو والدین کے حوالے کرنے کے لئے باجوڑ ایجنسی روانہ کر دیا گیا ہے۔ بازیاب ہونے والی 16 بچیوں کو پہلے ہی کراچی میں مقیم ان کے والدین کے حوالے کیا جاچکا ہے۔