کراچی (جیوڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ کراچی آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔
ڈی جی رینجرز کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب سندھ حکومت اور رینجرز کے درمیان رینجرز کے خصوصی اختیارات سے متعلق اختلافات سامنے آئے اور صوبائی حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کے بجائے صرف ایک ماہ کی توسیع کی ہے جس کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے رات گئے قانونی ماہرین سے طویل مشاورت کے بعد دی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق صوبائی اسمبلی سے منظوری لی جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے وفاق کو خط لکھا ہے جس میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق آگاہ کیا ہے جب کہ ذرائع نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات کو صرف کراچی تک محدود کر دیا ہے جس کے تحت رینجرز صرف شہر میں کارروائیوں کا اختیار رکھے گی اور ملزم کے شہر سے دوسری جگہ فرار ہونے پر رینجرز کو کسی کارروائی کا اختیار نہیں ہو گا۔