اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان اہم ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
نیشنل ایکشن پلان پر اجلاس کے بعد ہونے والی اس اہم ملاقات میں کراچی آپریشن کے بارے میں بات کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سالمیت کیخلاف کوئی سازش برداشت نہیں، کراچی آپریشن کے مثبت اثرات کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ کسی قوت کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے مربوط حکمت کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات عام کی جائیں گی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملکی بقاء اور مستقل امن کے لئے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ضروری ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وفاقی، صوبائی اور انٹیلی جنس اداروں کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سربراہان، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ، مشیر قومی سلامتی اور مشیر خارجہ سمیت اہم حکام شریک ہوئے۔