کراچی آپریشن کا دائرہ حیدر آباد اور سکھر تک بڑھانے کا فیصلہ

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا جس کی صدارت گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کی۔

اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار، ڈی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے حکمت عملی مرتب کی گئی۔

اجلاس میں کراچی آپریشن کے دائرے کو اندرون سندھ تک بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ کو تین سیکیورٹی زونز کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ حیدر آباد میں آپریشن کی نگرانی جی او سی حیدر آباد جبکہ سکھر میں جی او سی پنو عاقل کرینگے۔

سندھ میں انسداد دہشتگردی ٹاسک فورس قائم کی جائیگی جس میں ایک ہزار اہلکاروں کو فوجی اہلکار تربیت دینگے۔ اجلاس میں ملٹری کورٹس میں چلائے جانے کے لئے 57 مقدمات بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں غیر رجسٹرڈ مدارس کے خلاف بھی کارروائی کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی۔