کراچی آپریشن کی رفتار تیز کی جائے۔ روشن پاکستان پارٹی

Rangers

Rangers

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی جانب سے پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے عزم کے اعادے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان ‘ جماعت الاحراراور تحریک لشکر اسلام کااتحاد فکر انگیز لیکن سربراہ افواج پاکستان کا دہشتگردوں کو شکست دینے اور پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کا عزم قوم کیلئے اطمینان بخش ہے۔

جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کے کراچی آپریشن کو سیاسی مصلحتوں سے پاک اور آخری دہشتگرد‘ مجرم و ٹارگیٹ کلر کے خاتمے تک جاری رکھنے کی یقین دہانی کو کراچی کے شہریوں کیلئے امن کی نوید قرار دیتے ہوئے کراچی آپریشن کی رفتار تیز کرنے اور اسے مکمل طور پر غیر جانبدارانہ و بلا تفریق بنانے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر پٹی ‘فاروق کمال ‘ سلیمان راجپوت ‘ اسلم خان ‘ یونس سایانی ‘راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ اقبال ٹائیگر ‘ میڈم انیتا ‘ تبسم ناز اور اقبال چاندنے نو حلف یافتہ چیئرمین سینٹ رضا ربانی اور ڈپٹی چیئرمین مولاناعبدالغفور حیدری کو کامیابی کی مبارکباد پیش کی۔