کراچی میں جاری آپریشن پر حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

Shahid Hayat

Shahid Hayat

کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کا کہنا ہےکہ پولیس کو حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے جس کی بدولت شہر میں بلا امتیاز ٹارگٹڈ آپریشن کررہے ہیں۔

گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے شاہد حیات نے کہا کہ پولیس کو حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور اس پر کسی قسم کا سیاسی دباؤ بھی نہیں ہے جس کی بدولت شہر میں بلا امتیاز ٹارگٹڈ آپریشن کررہے ہیں، ایڈیشنل آئی جی نے بریفنگ میں بتایا کہ غیر قانونی سمز کی بندش سے جرائم میں 50 فیصد تک کمی آئی ہے اور جرائم میں واضح کمی کےلیے غیر قانونی سمز کی بندش ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق آج اعلیٰ سطح اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام، گورنر ڈاکٹر عشرت العبادخان، وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ سمیت پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔