کراچی (جیوڈیسک) وزیر اطلاعت سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ شہر میں آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اوراس میں کسی ایک جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن تمام جماعتوں کے اتفاق سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہورہا ہے اس میں کسی ایک جماعت کو نشانہ بنانے کا تاثر غلط ہے جبکہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے لیکن آپریشن کے دوران سب سے زیادہ چھاپے لیاری میں ہی مارے گئے ہیں تاہم آپریشن سے متعلق سیاسی جماعتوں کو شکایات ہوتی ہیں تو ان کو دور کیا جا تا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ رینجرز اور پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف بخوبی کام کررہی ہے لیکن تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت گرفتاریاں کم ہورہی ہیں جبکہ آپریشن میں گرفتار افراد پر مقدمات کے لئے انسداد دہشت گردی کی 5 عدالتیں بنائی گئی ہیں تاہم مقدمات تاخیر اور سست روی کا شکار ہیں۔