حیدر آباد (جیوڈیسک) ڈی آئی جی آفس میں حیدر آباد ڈویژن کے خواتین کے تحفظ کے سیل کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ 92ء میں کراچی آپریشن سیاست کی نذر کر دیا گیا تھا۔
اے ڈی خواجہ نے دوٹوک کہا کہ یہ بیان سیاسی نہیں تھا، بات پر قائم ہوں۔ آئی جی سندھ نے یہ بھی کہہ ڈالا کہ پولیس کی کوتاہیوں کے سبب 96ء میں رینجرز کو بلانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا قانون ایسا ہونا چاہئے جس میں عملاً عوام کی شرکت ہو، پنجاب میں 2002ء اور خیبر پختونخوا میں پولیس کا بالکل نیا قانون نافذ کیا گیا ہے۔
ان کا خواتین کے تحفظ کے سیل کے حوالے سے کہنا تھا کہ حیدر آباد میں خواتین کے سیل کا آغاز ہوا، یہ اچھا عمل ہے، اس کے لئے وہ سندھ حکومت سے منظوری لیں گے کہ ایسے سیل پورے سندھ میں بنائے جائیں جن میں انچارج خاتون ڈی ایس پی ہو اور اس کے ساتھ عملہ بھی ہو، خواتین کے تحفظ کے سیل کو وومن تھانے کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔