کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے مسلم آباد میں رینجرز کی جانب سے مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے لئے آپریشن جاری ہے، گذشتہ روز اسی علاقے میں مذہبی جماعت کے رہنماء کے گھر پر بال کریکر حملہ کیا گیا تھا۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے مسلم آباد میں رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ ملزمان اور مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے لئے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے، جس میں رینجرز کے انسداد دہشت گردی ونگ اور خواتین اہلکاروں سمیت 300 اہلکاروں کی نفری حصہ لے رہی ہے۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی وخارجی راستے بند کرکے تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ مسلم آباد کے علاقے میں گذشتہ روز جماعت اہلسنت کے رہنماء کو پہلے فون کرکے دھمکی دی گئی تھی اور پھر اس کے بعد ان کے گھر کے باہر بال کریکر سے حملہ بھی کیا گیا تھا،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔