کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں بینک کی کیش وین پر فائرنگ کر کے 3 نجی سیکیورٹی گارڈز کو قتل کردیا گیا، حملے میں 10 سے 12 ملزمان نے حصہ لیا اور تقریبا 5 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے، جاتے جاتے انہوں نے متعدد کریکر بھی پھینکے۔
اورنگی ٹاون کی علیگڑھ مارکیٹ میں واقع نجی بینک سے کیش وین نکلی تو 10 سے 12 مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس سے نجی سیکیورٹی کمپنی کے 3 گارڈز جاں بحق ہوگئے۔ اس دوران بینک ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار ملزمان کو دیکھ کر بھاگ گیا، ملزمان نے اس دوران تقریبا 5 لاکھ روپے سے بھرا تھیلا چھینا اور فرار ہوتے ہوئے متعدد کریکر پھینکے جس سے 2 افراد مزید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچی اور تفتیش شروع کردی۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ سپاہی کی بزدلی پر اسے معطل کردیا گیا ہے۔