کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے شہری جاں بحق

Firing

Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ، حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والا ملزم محافظ سمیت دھر لیا گیا ، ایف آئی اے نے انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ، مختلف علاقوں میں سات ملزم بھی قانون کی گرفت میں آگئے۔

اورنگی ٹاون چار نمبر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے واجد نامی شخص جاں بحق ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفننگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل انسانی اسمگلر فیصل محبوب کو گرفتار کر لیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔

ادھر گلشن اقبال کے علاقے بلاک 4 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والے ملزم میر کو محافظ سمیت حراست میں لے لیا ، ملزم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے عزیز بھٹی سے ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزم شاکر عرف چھوٹا ڈکیت کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ماڈل کالونی پولیس نے جوئے کے اڈے سے 6 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کی۔