کراچی (جیوڈیسک) اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کرکے اس میں سوار مقامی وکیل اور اس کے ڈرائیور کو قتل کردیا۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں اسلام چوک کے قریب نامعلوم افراد ایک کار پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں مقامی وکیل حماد ادریس ایڈووکیٹ اور ان کا ڈرائیور نعمان شاہ شدید زخمی ہو گئے، دونوں کو قطر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ایس پی اورنگی ٹاؤن کا کہنا ہے کہ ملزمان نے باقاعدہ ریکی کرکے حماد ادریس کی گاڑی کو نشانہ بنایا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان نے کہا ہے کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والا نعمان شاہ متحدہ قومی موومنٹ کا رکن تھا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
ایک جانب کارکنوں کی ماورائے عدالت ہلاکتیں کی جارہی ہیں جبکہ دوسوری جانب ان کی تارگٹ کلنگ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب وکلاء برادری نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کے خلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کردیا جس کے نتیجے میں ہزاروں مقدمات التو ا کا شکار ہوگئے ہیں۔