کراچی (پ ر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کی ناظم ثمینہ قمر نے کہا ہے کہ خاندانی استحکام ہی معاشرے کو مستحکم کرتا ہے۔خاندان معاشرے کا بنیادی ادارہ ہے اور اس کی سربراہی اللہ تعالیٰ نے مرد کو دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی نارتھ کراچی زون کے تحت منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت کو مرد کے برابر لا کھڑا کرکے حکمران طبقہ نا صرف خاندانی نظام کو کمزور کر رہا ہے بلکہ یہ عمل بجا طور پر قرآنی احکامات سے انحراف بھی ہے۔ مذاکرے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پیشہ ور خواتین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ نسواں بل معاشرے کو دراصل عدم تحفظ کا شکار کرنے کا منصوبہ ہے اور اس کے لئے مائوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے مائوں کے مربیانہ کردار کو وقت کی اہم اور فوری ضرورت قرار دیا