کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی پیکیج کے نام پر سندھ حکومت کے منصوبوں کا اعلان کیا، 11 سو میں سے 800 ارب کے منصوبے سندھ حکومت کے ہیں۔
سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے 1100 ارب روپوں کے منصوبوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، وزیراعظم نے 1100 ارب روپوں کے منصوبوں کا اعلان کیا جن میں سے 800 ارب روپے کے منصوبے سندھ حکومت کے ہیں جن پر کام کا آغاز کیا جارہا ہے اور بعض پر کام جاری ہے۔ سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 1100 ارب روپوں کے نام پر صرف 300 ارب روپے کراچی کو دئیے ہیں جو مرحلہ وار خرچ ہوں گے۔
سندھ حکومت کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے دو روز قبل 8 سو ارب روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ دو روز قبل 800 ارب روپوں کے منصوبوں کی تفصیلات جاری کرچکے ہیں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس میں پیپلز کراچی پروگرام کے تحت 800 ارب روپوں کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ سندھ حکومت نے پیپلز کراچی پروگرام کے تحت واٹر سپلائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ، روڈ انفرا اسٹرکچر اور ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔